افغان مہاجرین کی وطن واپسی پر مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، حکومت پاکستان

افغان مہاجرین کی وطن واپسی پر مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، حکومت پاکستان

حکومت پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا عمل شفاف، منظم اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ جاری ہے۔ اس عمل میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہم آہنگی، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور سول انتظامیہ کی کوششوں سے واپسی کے عمل کو مؤثر اور باوقار بنایا جا رہا ہے۔

حکومتی ادارے افغان مہاجرین کو وطن واپسی کے ہر مرحلے پر تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جن میں خوراک، طبی امداد، سرحد تک سامان کی منتقلی، اور رہنمائی شامل ہے۔ اس عمل میں کسی قسم کا دباؤ شامل نہیں، بلکہ مہاجرین اپنی مرضی سے اس عمل میں شامل ہو رہے ہیں۔

پاکستان میں 45 سال تک قیام کرنے والے افغان مہاجرین نے وطن واپسی کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان، ایف سی اور دیگر اداروں کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انہیں ہمیشہ اپنائیت اور بھائی چارے کا احساس ملا اور کبھی خود کو ’’مہاجر‘‘ نہیں سمجھا گیا۔

مہاجرین کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے بہترین یادیں لے کر اپنے وطن واپس جا رہے ہیں اور اس جذبۂ خیر سگالی کے لیے پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔

حکومتِ پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ افغان مہاجرین کی باعزت، محفوظ اور باوقار وطن واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top