خیبرپختونخوا اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اجلاس کا آغاز ہو گیا ہے۔ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے، جبکہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور ایوان میں پہنچے تو حکومتی بینچوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا اور نعرے بازی کی۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ اعلیٰ کے لیے چار امیدوار میدان میں ہیں:
پاکستان تحریک انصاف کے سہیل آفریدی
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا لطف الرحمان
مسلم لیگ (ن) کے سردار شاہ جہان یوسف
پاکستان پیپلز پارٹی کے ارباب زرک خان
خیبرپختونخوا اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد 145 ہے، جن میں سے 93 کا تعلق حکومتی بینچز سے جبکہ 52 ارکان اپوزیشن میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے لیے کم از کم 73 ووٹ درکار ہوں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار کو اکثریت حاصل ہونے کے واضح امکانات ہیں، تاہم اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی ایک مشترکہ لائحہ عمل کی کوششیں جاری ہیں۔
اسمبلی اجلاس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ میڈیا کو بھی محدود رسائی دی گئی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج مکمل ہو جائے گا۔





