وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان میں ہمت ہے تو آ کر لانگ مارچ کریں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ لانگ مارچ اور دھرنوں کی سیاست سے بھاگتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے تحریک انصاف پر شدید تنقید کی اور کہا کہ پی ٹی آئی والے کبھی دہشت گردوں کی مذمت نہیں کرتے کیونکہ یہ دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں اور ملک میں دہشت گردی کے فروغ میں ان کا براہِ راست ہاتھ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان قائم کرنا اور حالات کو ٹھیک کرنا مکمل طور پر صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر حملے کیے گئے لیکن پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو دہشت گردوں کی منظور نظر ہے۔ پی ٹی آئی نہ صرف ان کے خلاف بات کرنے سے گریزاں ہے بلکہ دہشت گردوں کی سہولت کاری کرنا ان کی باقاعدہ سیاسی پالیسی کا حصہ بن چکا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت افغان طالبان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی سہولت کاری کر رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف درحقیقت ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور ٹی ٹی اے کی سی ٹیم کے طور پر کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا 5اکتوبر تک لانگ مارچ موخرکرنے کا فیصلہ
وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کم اور کسی کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ معلوم ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ سنگین الزام بھی عائد کیا کہ صوبے میں غیر قانونی مائننگ کے ذریعے حاصل ہونے والے وسائل سے دہشت گردوں کی مالی معاونت (فنڈنگ) کی جا رہی ہے۔





