ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسزنے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک اور 11 کو شدید زخمی کر دیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانا بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان جامِ شہادت نوش کر گیا۔
سیکیورٹی فورسز کو کرم میں فتنہ الخوارج کے عناصر کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کیا اور مقصود باغ کے مقام پر موجود دہشت گردوں کو ہر طرف سے محاصرے میں لے لیا۔
دونوں اطراف کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک شدید جھڑپ جاری رہی۔ اس دوران ہلاک و زخمی ہونے کے بعد فرار کی کوشش کرنے والے خوارج کو ناکہ بندی پر موجود اہلکاروں نے آڑے ہاتھوں لیا۔
کارروائی میں 13 خوارج کی ہلاکت اور 11 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ فورسز نے 2 دہشت گردوں کی لاشیں اور ان کے پاس موجود اسلحہ تحویل میں لے لیا ہے جبکہ ان کا ٹھکانا کارروائی کے دوران مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ہمت ہے تو آؤ لانگ مارچ کرو، پی ٹی آئی والے بزدل ہیں،عطاء اللہ تارڑ
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں سے علاقے کی مکمل صفائی تک سرچ آپریشن جاری رہے گا۔





