لاہور ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، جنوبی افریقہ کو 226 رنز درکار

لاہور ٹیسٹ کا تیسرا روز دلچسپ موڑ پر ختم ہوا جہاں پاکستان کو فتح کے لیے آٹھ وکٹیں درکار ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کو کامیابی کے لیے مزید 226 رنز بنانا ہوں گے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا۔ دن کے اختتام پر مہمان ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنا لیے تھے۔ ریان ریکلٹن 29 اور ٹونی ڈی زورزی 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی دوسری اننگز 167 رنز پر سمٹ گئی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل کی تھی لیکن دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن اپ نہ سنبھل سکی۔ امام الحق اور شان مسعود، جو پہلی اننگز میں نصف سنچریاں بنا چکے تھے، بالترتیب صفر اور سات رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

عبداللہ شفیق نے 41 اور بابراعظم نے 42 رنز کی مزاحمت کی، تاہم کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ سعود شکیل نے دوسری اننگز میں 38 رنز اسکور کیے، جبکہ دیگر بیٹرز میں رضوان 14، سلمان علی آغا 4، شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے، نعمان علی 11 اور ساجد خان 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخری پانچ وکٹیں صرف 17 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے متھوسوامی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں بھی پانچ شکار کیے، جبکہ ہارمر نے چار اور ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز 269 رنز پر ختم ہوئی تھی۔ ٹونی ڈی زورزی نے 162 گیندوں پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری مکمل کی۔ نعمان علی نے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ساجد خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے تیسرے دن کا آغاز 216 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر کیا، اور جلد ہی باقی وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ متھوسوامی، ڈی زورزی، پرینیلن سبرائین اور کگیسو ربادا جلد پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی پہلی اننگز میں امام الحق، شان مسعود، محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی نصف سنچریوں کی بدولت ٹیم نے 378 رنز بنائے تھے۔ اس اننگز میں بھی متھوسوامی نے چھ وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کیں۔

Scroll to Top