پرانا نصاب ختم،میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کیلئے نیا نصاب جاری

وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کے لیے پرانے نصاب کو ختم کر کے نیا نصاب متعارف کرا دیا ہے جس کا فوری نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نصاب کا اطلاق وفاقی بورڈ سے الحاق شدہ تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا اور اسکولوں و کالجوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بورڈ کی ویب سائٹ سے نیا نصاب حاصل کر کے اسے فوری طور پر نافذ کریں۔

وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق یہ نصاب جدید تعلیمی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور اس کا مقصد تدریسی معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔

نیا نصاب ملک بھر میں بورڈ سے منسلک تمام تعلیمی اداروں میں پڑھایا جائے گا۔

یہ پڑھیں : ملک بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ سے متعلق نئی گریڈنگ پالیسی کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری

ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے سرکاری فورم، انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) نے نئی گریڈنگ پالیسی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو مرحلہ وار 2026 سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں لاگو ہوگا۔ تاہم اس نئی پالیسی سے “جی پی اے” اور “سی جی پی اے” کو نکال دیا گیا ہے، جو پہلے اس نظام کا حصہ تھے۔

کراچی میں گزشتہ ماہ منعقدہ اجلاس میں ملک کے تمام تعلیمی بورڈز کے سربراہوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ کئی جامعات اس وقت جی پی اے کی بنیاد پر داخلہ دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اسی وجہ سے تعلیمی بورڈز نے سفارش کی کہ نئی گریڈنگ پالیسی میں جی پی اے کو شامل نہ کیا جائے۔

آئی بی سی سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ یونیورسٹیز کی جانب سے جی پی اے کے نفاذ پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جس پر تعلیمی بورڈز نے بھی اتفاق کیا۔ اس کے نتیجے میں نئی گریڈنگ پالیسی 2026 سے بغیر جی پی اے کے نافذ کی جائے گی۔

Scroll to Top