اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کو تین سال کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کا رکن چنا ہے۔
دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق یہ مدت یکم جنوری 2026 سے شروع ہوگی،پاکستان نے اس نشست کے لیے 178 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
بیان کے مطابق یہ پاکستان کی چھٹی مرتبہ انسانی حقوق کونسل کا رکن بننے کا موقع ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کی انسانی حقوق کے دفاع اور فروغ پر اعتماد کی نشاندہی کرتا ہے۔ پاکستان انسانی حقوق کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
دفترخارجہ کےبیان میں مذید کہا گیا ہےکہ اپنی مدت کے دوران پاکستان اقوام متحدہ کے دیگر ممالک اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے تمام پہلوؤں کو بہتر بنانے کے لیے کام کرے گا، اس میں شہری، سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق شامل ہیں۔
پاکستان انسانی حقوق کونسل میں بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرے گا۔ ساتھ ہی فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دی جائے گی۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل جنیوا میں واقع ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کا کام کرتا ہے۔ اس کونسل میں 47 ممالک شامل ہیں جو انسانی حقوق کے مسائل پر غور کرتے ہیں۔





