اسلام آباد :جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی سے حالات بہتر نہیں بلکہ مزید خراب ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ف کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، ہم اپنے فیصلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرضی کے مطابق نہیں کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عدالت جانا ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے، اور وہاں پکوڑے بیچنے والے نہیں بلکہ قانونی ماہرین گئے ہیں۔
حافظ حمد اللہ نے سہیل آفریدی کی تقریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اُس میں ہوش سے زیادہ جوش شامل تھا۔
رہنما جے یو آئی ف کا مزید کہنا تھا کہ جب فیصلوں کے پیچھے جذبات ہوں تو ان کے نتائج خطرناک ہوتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی حلقے بھی وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے خوش نہیں ہیں اور مختلف گروپس میں تقسیم نظر آ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک انصاف کا پروپیگنڈا کچھ نہ کر سکا، پاکستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کا رکن منتخب
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سیاست میں غیر سنجیدگی بڑھتی جا رہی ہے، جو مستقبل میں صوبے کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔





