سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ، پاک افغان سرحد کی صورتحال پر آگاہ کیا

اسلام آباد : وزارت خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود غیر ملکی سفارتی مشنز کو اہم بریفنگ دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق آمنہ بلوچ نے بریفنگ کے دوران پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔

انہوں نے غیر ملکی سفیروں کو پاک افغان سرحد پر حالیہ پیشرفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشتگردی کو مسترد کیا ہے۔

سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی جیسے ہتھکنڈے خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہیں، اور پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی سے حالات بہتر نہیں ابتر ہوں گے: حافظ حمد اللہ

دفتر خارجہ کے مطابق یہ بریفنگ علاقائی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں عالمی برادری کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ رکھنے کے لیے دی گئی۔

Scroll to Top