راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں گے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے مجھے وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے، اب میری ذمے داری ہے کہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی قائد کی ہدایات کا انتظار کروں۔
ہم ایک سیاسی جماعت ہیں، اور ہمیں آئین و قانون کا احترام کرتے ہوئے اپنا مؤقف منوانا ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے سیاسی اور آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے اور تمام فیصلے قانونی طریقہ کار کے تحت کیے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سہیل آفریدی کو ٹیلیفون کرکے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت نے امریکی دباؤ پر روس سے تیل کی خریداری 50 فیصد کم کردی
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ وفاق پاکستان کے مفاد میں خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوا 4 کروڑ 50 لاکھ عوام کا صوبہ ہے، جن کے حقوق کا تحفظ میری اولین ذمے داری ہے۔





