وزیراعلی خیبرپختونخوا کا بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر آلات نہ لینے کا فیصلہ بچگانہ اور بے وقوفانہ ہے، طلال چوہدری

وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے وزیراعلی خیبرپختونخوا  کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کے فیصلے کو بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نابالغ سوچ نے پولیس افسران و جوانوں کےلیے خطرات بڑھادیے ہیں۔

سینیٹر طلال چوہدری نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ خیبرپختونخوا حکومت کو تمام وسائل فراہم کرنا چاہتی ہے تاکہ دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہوسکے، ہم یہ ارادہ نہیں کررہے بلکہ عملی طور پر کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی سوچ رکھنے والے وزیراعلیٰ سے افسران اور جوان تو سوال پوچھیں گے لیکن عوام بھی سوال پوچھے کہ دہشت گرد تو جدید ہتھیاروں سے لیس ہوکر آئیں ایسے میں اپنے افسران کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں نہ لینا نالائقی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ انتہائی بچگانہ کے علاوہ بیوقوفانہ ہے جس پر افسوس ہے، نابالغ سوچ نے پولیس افسران و جوانوں کے لیے خطرات بڑھادیے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ بہرحال دہشت گردی سے لڑنا اور دہشت گردوں کو جلد ختم کرنا ہے، خیبرپختونخوا پولیس ہو یا کوئی ادارہ وفاق انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور دہشت گردوں کو ہر صورت خاتمہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت 600 ارب روپے سے زیادہ خیبرپختونخواحکومت کو دے چکی ہے لیکن صوبائی حکومت 600 ارب روپے کا آج تک حساب نہیں دے سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے عالمی معیار کی بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی گئی، بلٹ پروف گاڑیاں دہشت گردی کیخلاف آپریشنزمیں استعمال کی جاتی ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردارادا کررہے ہے، بلٹ پروف گاڑیاں پولیس جوانوں کاتحفظ یقاینی بنانے کے لیے دی گئی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئیں بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبائی حکومت نے پولیس جوانوں کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑدیا ہے۔

واضح رہے کہ آج ایک اعلی سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے صوبائی پولیس کو دی گئیں بلٹ پروف گاڑیاں وفاق کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔

سہیل آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس کے لیے جو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی ہے وہ ناقص اور پرانی ہیں، یہ خیبرپختونخوا پولیس کی تضحیک ہے، ان گاڑیوں کو واپس کیا جائے۔

Scroll to Top