خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع کے مشیرِ اطلاعات محمود جان بابر نے کہا ہے کہ لیبیا کشتی حادثے کے معاملے پر حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری احتیاط اور سنجیدگی سے ادا کر رہی ہے تاہم حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد اور شناخت سے متعلق اب تک موصول ہونے والی اطلاعات غیر مصدقہ ہیں اور اس حوالے سے مصدقہ معلومات کا انتظار ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت مصدقہ معلومات کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں دفترِ خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔ اسی طرح علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل (اے آر ڈی سی) کے عمائدین اور ضلعی انتظامیہ کے ذریعے مقامی آبادی کے ساتھ بھی رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو غیر محفوظ راستوں سے بیرونِ ملک بھجوانے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی اے سمیت دیگر متعلقہ ادارے سرگرمِ عمل ہیں اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔
مشیرِ اطلاعات نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور حادثے کے حقائق جاننے سمیت ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خلائی تاریخ میں نیا باب:پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کے لیے خصوصی حلال خوراک کا اہتمام، تصاویر جاری
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور سرکاری تصدیق کا انتظار کریں۔





