گنڈا پور حکومت کے سابق وزرا ءکا تاحال سرکاری گاڑیاں اور رہائش گاہیں استعمال کرنے کا انکشاف

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ سابق صوبائی وزرا ءتاحال سرکاری گاڑیاں استعمال کررہے ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں اپوزیشن لیڈرڈاکٹر عباداللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے بعد کابینہ تشکیل نہیں دی گئی تاہم سابق وزراء آج بھی اسمبلی سرکاری گاڑیوں میں آرہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا اب بھی سابق وزراء سرکاری گھروں میں رہائش اختیار نہیں کیے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر عباد کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ماہ تک صوبے میں امن و امان پر بحث کی، جس کے بعد ایوان کی ایک کمیٹی بنی وزیراعلی اس کے رکن ہیں اس کا اجلاس بلایا جائے، ایوان کمیٹی کا فوری اجلاس بلایا جائے اور عسکری حکام کو بھی بلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی ہونی چاہیے لیکن تبدیلی اچھے کے لیے ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر عباد نے تقریر میں کہا کہ ہم اسرائیل کو سپورٹ نہیں کرتے، آج ایوان میں اسرائیل کی قرارداد میں سیاسی معاملات کو بھی چھیڑا گیا، دلیل سے بات ہوتی ہو گالم گوچ کی ضرورت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پر پہلی بار پابندی تحریک انصاف کے دور میں لگی اس وقت کے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست سے کوئی ٹکراو نہ کرے، اس حوالے سے بانی چیئرمین کی تقاریر سنیں آپ لاجواب ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزیراعلیٰ کی عمران خان سے ملاقات کی قرارداد منظور، اپوزیشن نے بھی حمایت کردی

 خیبرپختونخواہ اسمبلی نے وزیراعلی سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانےکی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

یہ قرارداد حکومتی رکن عبید الرحمن کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے خاندان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

قرارداد کے متن کے مطابق سہیل آفریدی اس وقت صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ ہیں اور اُن کا بانی چیئرمین سے ملاقات کرنا آئینی و قانونی حق ہے تاکہ صوبے کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر حکومتی امور پر براہ راست مشاورت کی جا سکے۔

ایوان نے اس قرارداد کو مکمل اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔

Scroll to Top