خیبر پختونخوا میں غیر قانونی کان کنی پر پابندی میں توسیع کر دی گئی

خیبرپختونخوا حکومت نے غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں پر عائد پابندی میں مزید 30 روز تک توسیع کر دی ہے۔

حکومت خیبر پختونخوا کے محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت اضلاع صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں میں دریائے سندھ اور دریائے کابل کے کناروں پر سونے کی غیر قانونی کان کنی پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق یہ حکم فوری طور پر نافذالعمل ہوگا اور 30 دن تک برقرار رہے گا، حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ میں غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی ترسیل میں دو گرفتار، گاڑی ضبط

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ماحولیاتی تحفظ، آبی وسائل کے آلودہ ہونے کے خطرات اور غیر مجاز کان کنی سے پیدا ہونے والے امن و امان کے مسائل کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔

یاد رہے 24 اکتوبر کو باجوڑ میں غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے کارروائی  کی تھی جس میں مینگنیز سے لدی ایک گاڑی اور دو ملزمان موقع پر گرفتار کیے گئے تھے۔

واقعہ کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کو عدالت مائنز اینڈ منرلز مجسٹریٹ خار کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی جاری رہے گی۔

Scroll to Top