لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کی ضمانت ہیں اور ہمیں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔
لاہور میں منعقدہ فرسٹ پنجاب پیڈل چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہماری افواج نے ہمیشہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت صرف اسے موقع دینے اور سہولیات فراہم کرنے کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیل کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے اور نجی شعبے کو کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ شراکت داری کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی 20 اسکواڈ سے فخر زمان باہر، کوچ نے خاموشی توڑ دی
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی کامیاب سفارتی پالیسیوں کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر مثبت پذیرائی مل رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے آئندہ دورۂ سعودی عرب میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔





