راولپنڈی : قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے واضح کر دیا ہے کہ سابق کپتان بابر اعظم ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران مائیک ہیسن نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل اہم تجرباتی مرحلہ ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نمبر تین پر کھیلیں گے اور امید ہے کہ وہ اپنی واپسی پر بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
فخر زمان، حارث رؤف اور محمد حارث کو ٹی20 اسکواڈ سے ڈراپ کرنے سے متعلق سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو کھیل میں بہتری کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھیجا گیا ہے تاکہ وہ اپنی فارم اور فٹنس پر کام کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ محمد حارث کو حالیہ دنوں میں کئی مواقع دیے گئے مگر وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ وہ ابھی نوجوان ہیں، اس لیے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ ان کا کیریئر ختم ہو گیا۔
تاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کی ایوریج کم ہے، انہیں بہت سے پہلوؤں پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
بطور وکٹ کیپر بلے باز عثمان خان کی شمولیت پر مائیک ہیسن نے کہا کہ عثمان اسپن بولنگ کو بہتر کھیلتے ہیں اور ٹیم کو ایک ایسے وکٹ کیپر کی ضرورت تھی جو ٹاپ آرڈر کے بجائے مڈل آرڈر میں کھیل سکے، اسی لیے انہیں موقع دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز 29 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : محاذ آرائی نہیں، تدبر اور قانون کی راہ اپنائیں، شیرافضل مروت کا وزیرِاعلیٰ کو مشورہ
پہلا میچ 29 اکتوبر کو راولپنڈی میں، دوسرا 31 اکتوبر اور تیسرا یکم نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتان سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کر چکے ہیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے راولپنڈی میں دوسرے دن بھی بھرپور پریکٹس کی، جہاں ٹی20 میں کم بیک کرنے والے بابر اعظم ایکشن میں دکھائی دیے۔





