سپیکر خیبرپختونخوا نے سپیشل سیکیورٹی کمیٹی کا دوسرا اجلاس طلب کر لیا

سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اور سپیشل کمیٹی برائے سیکیورٹی کے چیئرمین بابر سلیم سواتی نے کمیٹی کا دوسرا اجلاس پیر 3 نومبر کو دوپہر 12 بجے طلب کر لیا۔

جاری مراسلے کے مطابق اجلاس میں پولیس ڈیپارٹمنٹ، محکمہ داخلہ اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے کی مجموعی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سپیشل کمیٹی اجلاس میں صوبے میں امن و امان کے قیام، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے حوالے سے اہم سفارشات مرتب کی جائیں گی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کو صوبے کے سیکیورٹی معاملات کا اعلیٰ سطحی جائزہ لینے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط حکمتِ عملی طے کرنے اور سول سوسائٹی کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

29 اکتوبر کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت سپیشل سیکیورٹی کمیٹی کا پہلا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، عسکری کارروائیوں کے اثرات اور پائیدار امن کے لیے مشترکہ سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ہوگا۔

سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ اب وقت ہے کہ عسکری کارروائیوں کے بجائے سیاسی مفاہمت اور مکالمے کے ذریعے دیرپا امن کی راہ نکالی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سپیکربابر سلیم سواتی سے ڈی جی نیب کی اہم ملاقات، انکوائری معاملے پر بریفنگ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان اور دیگر اراکین نے امن کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کی حمایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں متعلقہ اداروں سے سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ لی جائے گی جس کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلا کر حتمی ٹی او آرز مرتب کیے جائیں گے۔

Scroll to Top