فاسٹ بالر محمد عامر کو کپتانی مل گئی

ابوظہبی: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو ابوظہبی ٹی 10 لیگ 2025 میں نئی فرنچائز کوئٹہ کیولری کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

فرنچائز مینجمنٹ نے عامر کی قائدانہ صلاحیتوں اور تجربے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم کی قیادت سونپی ہے۔ محمد عامر پہلی مرتبہ ٹی 10 فارمیٹ میں بطور کپتان میدان میں اتریں گے، اور ٹیم انتظامیہ کے مطابق وہ نوجوان اسکواڈ کے لیے بہترین رہنما ثابت ہوں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عامر کا تجربہ، جارحانہ بولنگ اسٹائل اور میدان میں لڑاکا جذبہ کوئٹہ کیولری کو ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کے طور پر ابھارے گا۔ ان کے مطابق عامر نہ صرف نئی گیند سے خطرناک ثابت ہوں گے بلکہ ٹیم کے بولرز کے لیے رہنمائی کا اہم کردار بھی ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فاتح کون ؟ فیصلہ آج ہو گا ، پاکستانی سکواڈ میں کیا تبدیلی کی جائے گی ؟جانیے

کوئٹہ کیولری کے اسکواڈ میں سکندر رضا، عباس آفریدی، محمد وسیم جونیئر، عرفان خان نیازی، خزیمہ بن تنویر اور عرفات منہاس جیسے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں، جن سے ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل کی توقع کی جا رہی ہے۔

محمد عامر نے کپتانی ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئٹہ کیولری کو ایک فائٹنگ یونٹ کے طور پر میدان میں پیش کریں گے اور شائقین کو بھرپور کرکٹ سے لطف اندوز کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ٹی 10 ایک تیز، دلچسپ اور فیصلہ کن فارمیٹ ہے، ہم ٹیم کے طور پر پوری جان لگائیں گے۔”

یہ بھی پڑھیں : اپرکوہستان مالیاتی سکینڈل،مرکزی ملزم اور اہلیہ کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

واضح رہے کہ ابوظہبی ٹی 10 لیگ 18 نومبر سے شروع ہوگی، جس میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ شائقین کو محمد عامر کی قیادت میں کوئٹہ کیولری سے شاندار کارکردگی کی امید ہے۔

Scroll to Top