عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی )خیبر پختونخوا کے صدرمیاں افتخار حسین نے کہا کہ پنجاب سےخیبر پختونخوا میں آٹے کی ترسیل بند کرنا غیر آئینی ہے۔ اگر ایسا ہے تو پھر پانی اور بجلی پر بھی خیبر پختونخوا کا حق تسلیم کیا جائے۔
پشاور کوہاٹی گیٹ میں پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئےمیاں افتخار حسین نے کہا صوبے میں جاری بدامنی اور دہشتگردی کی کسی کو پروا نہیں۔ صوبہ میں برسراقتدار لوگ تخت حکمرانی کیلئے مشت وگریبان ہیں۔ ایمانداری کے دعویداروں کی حکومت میں نوکریاں بیچی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایسے لوگوں کو پارلیمان بھیجنا ہوگا جو قوم کے حقوق حاصل کرسکیں۔ ہم اپنے دور حکومت میں یہ ثابت کرچکے ہیں اور آئندہ بھی کرینگے۔ یہی وجہ ہے کہ انتخابات میں ہماری جیت کو شکست میں بدلا جاتا ہے۔ جی حضوری کرنے والے خالی بیلٹ بکس کے باوجود بھی جیت جاتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی تحریک کا راستہ روکنے کی روش کوئی نئی نہیں، اس کا آغاز پاکستان بننے سے قبل ہوا تھا۔ انگریز سے لے کر ضیاء الحق اور مشرف تک ہر دور میں ہمارے خلاف سازشیں ہوئی ہیں۔ آج ان کرداروں کا یہاں نام و نشان بھی نہیں مگر باچا خان کے پیروکار میدان میں ہیں۔
میاں افتخار حسین نے مزيد کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ہم نےجانوں کے نذرانے دے کر دہشتگردوں کا راستہ روکا۔ آج کے حکمران پولیس سے بھی کہہ رہے ہیں کہ شام کے بعد باہر نہ نکلیں۔ ہم نے نہ صرف پولیس کا مورال بلند کیا بلکہ ساتھ ملکر دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔
افغانستان اور پاکستان کے مابین جاری تناؤ بارے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے بیچ امن اور برادرانہ و خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔ دونوں ممالک کے بیچ مسائل بات چیت سے حل نہ ہوئے تو حالات مزيد خراب ہوں گے۔ اگر خطہ بین الاقوامی لڑائی کا میدان بنا تو اس میں تباہی دونوں طرف کے پختونوں کی ہی ہوگی۔ ہم امن کے داعی ہیں، دہشتگردوں میں گڈ اور بیڈ کی تفریق کو نہیں مانتے۔ بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی شکل میں ہمیں امن مانگنے کی سزا دی گئی۔ امن مانگنا جرم نہیں، ہمیں ہمارا مذہب امن اور سلامتی کا پیغام دیتا ہے۔
نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ قوم کے لئے ہر کسی کے پاس جانے کیلئے تیار ہیں اور جاتے رہیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی پچھلے 13 سال سے حکومت اور پارلیمان سے باہر ہے۔ اس کے باوجود حکومتی پارٹی سمیت دیگر پارٹیوں سے لوگ ہمارے ساتھ شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ یہی باچا خان کے نظریئے کی جیت اور ہماری سیاست کی کامیابی ہے۔ قطرہ قطر مل کر سمندر بنتا ہے، نئے شامل ہونے والے تمام ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فاسٹ بالر محمد عامر کو کپتانی مل گئی
ان کا مزيد کہنا تھا کہ ہمارے قول اور فعل میں تضاد نہیں، ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں۔ تاریخ ان کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے جو کردار کےغازی ہوتے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نےہمیشہ قوم کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پر صوبائی سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ، میٹروپولیٹن پشاور کے صدر ارباب راشد ثمین سمیت دیگر اراکین اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔





