شاہد جان
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبائی کابینہ ممبران کے محکموں کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مینا خان آفریدی کو صوبائی وزیر برائے بلدیات، الیکشن و دیہی ترقی کا قلمدان سونپا گیا ہے، جبکہ ارشد ایوب خان وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ہوں گے۔
فضل شکور خان کو وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر امجد علی صوبائی وزیر ہاؤسنگ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے آفتاب عالم کو وزیر برائے قانون، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق مقرر کیا ہے، جبکہ سید فخر جہان کو وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول بنایا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ریاض خان صوبائی وزیر برائے آبپاشی ہوں گے، جبکہ خلیق الرحمان صحت کے شعبے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
عاقب اللہ خان وزیر برائے ریلیف، بحالی اور آبادکاری ہوں گے، اور فیصل خان ترکئی کو وزیر برائے محنت (لیبر) مقرر کیا گیا ہے۔
مزمل اسلم کو مشیر خزانہ، تاج محمد ترند کو مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان، اور شفیع اللہ جان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات، نشریات اور عوامی تعلقات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کے نئے محکمے صوبے میں بہتر کارکردگی اور عوامی خدمت کو یقینی بنانے کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا کی نئی صوبائی کابینہ نے حلف لیا تھا۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں صوبائی وزراء کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی کابینہ کے 10 ارکان نے بحیثیت صوبائی وزراء اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزراء سے ان کے عہدے کا حلف لیا اور انہیں نیک تمناؤں اور مبارکباد دی۔
تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، انتظامی محکموں کے سربراہان اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئے۔





