لانگ مارچ یا مذاکرات؟ حکومت اور پی ٹی آئی آج اہم بیٹھک کریں گے

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا اہم دور آج ہوگا جس میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر مشتمل حکومتی وفد تحریک انصاف کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے وفود کے درمیان ملاقات دن 12 بجے اسپیکر چیمبر، پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق مذاکرات کے میزبان اور ثالث کا کردار ادا کریں گے۔

مذاکرات میں خیبر پختونخوا کی مجموعی سیاسی اور انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد کی جانب سے تحریک انصاف سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست بھی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے بانی چیئرمین سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا معاملہ اٹھایا جائے گا اور اس پر زور دیا جائے گا۔

حکومتی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ، نوید قمر اور شیری رحمان شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر اور وزیراعظم کی ملاقات،پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ

دوسری جانب تحریک انصاف کے وفد کی قیادت چیئرمین بیرسٹر گوہر کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے بعد خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی پیش رفت مذاکرات کے نتائج سے مشروط ہوگی۔

Scroll to Top