پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا خیبر ٹیچنگ اسپتال کا اچانک دورہ

کاشف الدین سید
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے خیبر ٹیچنگ اسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کے ساتھ ساتھ اُن کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔

دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا اور ہسپتال کی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو علاج معالجے میں کسی قسم کی دشواری نہیں ہونی چاہیے اور صحت کارڈ کے تحت بلا تعطل علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کارڈ کے لیے فنڈز پہلے ہی جاری کر دیے گئے ہیں اور علاج معالجے میں ایک لمحے کی بھی معطلی قابلِ قبول نہیں۔

سہیل آفریدی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں ادویات کی ہمہ وقت دستیابی اور دیگر سہولیات بہتر بنائی جائیں تاکہ مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج فراہم کیا جا سکے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے صحت کارڈ پلس پر بریفننگ لی اور موقع پر 3 ارب روپے صحت کارڈ کی مد میں فوری جاری کرنے کے احکامات جاری کیے۔

جاری بیان کے مطابق مزمل اسلم نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے احکامات پر فوری عمل درآمد ممکن بناتے ہوئے محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے فنڈز ریلیز کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

مزمل اسلم نے کہا کہ محکمہ صحت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حلف لیتے ہی صحت کارڈ پلس سہولت بحال کی۔رواں سال میں محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے صحت کارڈ میں 41 ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ پچھلے سال کے 36 ارب کے مقابلے میں اب تک 4 ماہ میں خزانہ 9.65 ارب جاری کر چکا ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ عمران خان کا ویژن علاج سب کے لئے اور فری جاری رہے گا۔سوشل میڈیا پر صحت کارڈ معطلی بارے خبریں بے بنیاد ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کو صحت کارڈ رقوم کی ادائیگی حسب معمول جاری ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ عارضی طور پر معطل کی گئی صحت سہولت کارڈ کی سروسز اب مکمل طور پر بحال کردی گئی ہیں۔

تمام داخل مریضوں کو صحت سہولت کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top