تیسرا ٹی ٹوئنٹی،جنوبی افریقہ نے پاکستان کو آسان ہدف دے دیا

لاہور: جنوبی افریقا نے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 140 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں جاری میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔

ریزا ہیڈرکس 34 اور ڈونوون فریرا 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ کوربن بوش نے 30 اور ڈیوڈ بریوس نے 21 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان طارق اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، نسیم شاہ کی جگہ شاہین آفریدی کی واپسی ہوئی ہے اور ابرار احمد کی جگہ عثمان طارق نے ڈیبیو کیا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم میں بھی تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ دوسرے ٹی 20 میں ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا، اور آج کوشش ہوگی کہ جنوبی افریقا کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھا جائے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جارہاہے۔ سیریز میں اب تک ہر ٹیم نے ایک ایک میچ جیتا ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی تھی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 19.2 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، جس کے جواب میں پاکستان نے 111 رنز کا ہدف صرف 13.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اوپنر صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ صاحبزادہ فرحان 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ کے دوران بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑ کر ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

Scroll to Top