چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں زبردست کھیل پیش کر کے فتح اپنے نام کی، انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی جارحانہ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ نے ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی کامیابی ٹیم ورک، محنت اور پیشہ ورانہ اندازِ فکر کا نتیجہ ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شائقینِ کرکٹ نے سیریز کے دوران بہترین ماحول میں ہر میچ سے بھرپور لطف اٹھایا اور گرین شرٹس نے انہیں مایوس نہیں کیا۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے، گرین شرٹس نے 140 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کر کے شاندار فتح سمیٹی۔
قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم 68 رنز کی عمدہ اننگز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے 33 قیمتی رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی
واضح رہے تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی تھی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں گرین شرٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دی اور سیریز 1-1 سے برابر کی۔
تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے 140 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کر کے 4 وکٹوں سے جیت اپنے نام کر لی۔





