بابراعظم نے روہت شرما کے بعد ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلےباز بابراعظم نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔

بابراعظم نے پہلے روہت شرما کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا اور اب ویرات کوہلی کا ٹی20 کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ 50 یا اس سے زائد رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔

اس کامیابی میں بابراعظم کا کردار نمایاں رہا جنہوں نے ٹیم میں واپسی کے بعد ایک ہی سیریز میں دو بڑے ریکارڈ اپنے نام کیے۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 140 رنز کا ہدف دیا، ابتدائی بلے باز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر بڑی پارٹنرشپ قائم کرنے میں ناکام رہے۔

بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

بابراعظم نے اپنی شاندار اننگز میں 9 چوکے لگاتے ہوئے 68 رنز بنائے، یہ ان کے کیریئر کی 40ویں اننگز تھی جس میں انہوں نے 50 سے زائد رنز اسکور کیے، بابر اعظم  ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ 50 یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔

اس سے پہلے بھارتی سٹار ویرات کوہلی نے 125 میچوں میں 39 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا تھا جب کہ روہت شرما نے اپنے ٹی20 کیریئر کے 159 میچوں میں 37 بار یہ سنگِ میل عبور کیا۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی سی بی نے تین ملکی سیریز میں فتح پر ٹیم کو مبارکباد دی

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 106 میچوں میں 31 مرتبہ پچاس یا اس سے زیادہ رنز بنائے ہیں، جب کہ پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر ہیں جنہوں نے 29 مرتبہ 50 سے زائد رنز کی اننگز کھیلی۔

سیریز میں شاندار کارکردگی کے باعث بابراعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور فہیم اشرف کو عمدہ بولنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Scroll to Top