بیرسٹر سیف نے زور دیا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف لگائے گئے جھوٹے الزامات سیاسی مفاد کے لیے ہیں اور حقیقت سے دور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینئر وکیل بیرسٹر محمد علی سیف نے سابق وزیرِاعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کی رپورٹ کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
پشاور سے جاری بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے، اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں رہتے ہوئے بھی بشریٰ بی بی نے مثالی حوصلہ اور قوت برداشت کا مظاہرہ کیا ہے اور قربانیوں کا دور ختم ہوگا، انصاف ضرور ملے گا۔
واضح رہے کہ دی اکانومسٹ نے بشریٰ بی بی پر خصوصی رپورٹ شائع کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ سابق انٹیلی جنس سربراہ جنرل فیض حمید نے بشریٰ بی بی کو حساس معلومات حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا اور وہ یہ معلومات عمران خان کے سامنے اپنی روحانی بصیرت کے ذریعے پیش کرتی تھیں۔
جریدے رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے فوجی قیادت اور بعض سینئر اہلکاروں کے ساتھ عمران خان کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔
بیرسٹر سیف نے اس رپورٹ کو سیاسی پروپیگنڈے کے طور پر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش بے سود ہے اور حقیقت آخرکار سامنے آئے گی۔





