پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج 3 دسمبر کو معذوروں کا دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد معذور افراد کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں ان کے کردار اور افادیت پر روشنی ڈالنا ہے۔
اقوام متحدہ نے معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے 1992 میں ہر سال 3 دسمبر کو عالمی سطح پر معذوروں کا دن منانے کی قرارداد منظور کی تھی۔
اس دن کا مقصد دنیا بھر میں معذور افراد کے مسائل کو دور کرنا، ان کی سماجی شمولیت کو فروغ دینا اور معاشی ترقی کے لیے اقدامات کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معذور افراد صحیح تربیت اور مناسب توجہ کے ساتھ نہ صرف خود انحصار بن سکتے ہیں بلکہ معاشرے میں بھی مساوی زندگی گزار سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق معذور مرد، خواتین اور بچوں کو اکثر سماجی اور نظامی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کی ترقی اور معیار زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔
ماہرین نے والدین اور معاشرے پر زور دیا ہے کہ وہ معذور افراد کے ساتھ دوسرے بچوں کے برابر سلوک کریں تاکہ وہ معاشرے کے بااعتماد اور فعال شہری بن سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : نورین ممتاز: باجوڑ کی ماں اور پورے خاندان کی سہارا، خان کا ڈیرہ کی کہانی
اس کے علاوہ معذور افراد کے لیے تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانا بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔
حالیہ سروے کے مطابق پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 3.5 سے 4 فیصد کے درمیان ہے، اور ان میں سے بہت سے افراد بنیادی تعلیم اور روزگار کے مواقع سے محروم ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت اور سماجی تنظیمیں مل کر ایسے پروگرامز شروع کریں جو معذور افراد کی ہنر مندی، خود انحصاری اور سماجی شمولیت کو فروغ دیں۔





