ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے قومی اسکواڈ میں تبدیلی؟ کپتان سلمان علی آغا نے وضاحت کر دی

ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے قومی اسکواڈ برقرار، کپتان سلمان علی آغا نے تبدیلی کی افواہوں کو مسترد کر دیا اور مستقبل کے ورلڈ کپ اہداف سے آگاہ کر دیا

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے واضح کیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل قومی اسکواڈ میں کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا موجودہ کمبی نیشن برقرار رہے گا اور تمام کھلاڑیوں کو اپنے رولز پہلے ہی واضح کر دیے گئے ہیں۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے 6 اہم میچز باقی ہیں جن میں تسلسل کے ساتھ کھیلنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ گزشتہ 6 ماہ سے یہی کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور رزلٹس بھی آنا شروع ہو گئے ہیں۔

قومی کپتان نے اپنے دور رس اہداف کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ 2026 میں ٹی 20 اور 2027 میں ون ڈے ورلڈ کپ پاکستان جیتے، اور یہ دونوں کامیابیاں ان کے خواب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ پاکستان ٹیم ان کی کپتانی میں ہی کھیلے گی۔

سلمان علی آغا نے سری لنکا سیریز کے حوالے سے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کو سری لنکا کی پچز کا تجربہ ہے جبکہ نئے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے پہلے سیریز سے فائدہ ہوگا۔ انہوں نے اس سیریز کو بہت سنجیدگی سے کھیلنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ٹیم درست ٹریک پر ہے مگر بہتری کی گنجائش ابھی بھی موجود ہے۔

کپتان نے مزید کہا کہ گزشتہ 11 ماہ میں انہوں نے 56 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جس کے لیے فٹنس بہت ضروری ہے۔ آئندہ چند ماہ میں اپنی توانائی کو برقرار رکھنے کے لیے وہ کسی لیگ میں نہیں جائیں گے۔

سلمان علی آغا نے اپنے ذاتی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کپتانی اور بیٹنگ کو ساتھ لے کر چلنا ایک چیلنج رہا، لیکن انہوں نے اسے سیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بابر اعظم کو ہمیشہ دوست کی حیثیت سے دیکھتے ہیں اور انہیں کبھی بڑے بیٹر کے طور پر نہیں دیکھا۔

Scroll to Top