معروف لیگ کے چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل کے مداح نکلے،میچ کرانے کا عندیہ دیدیا

معروف لیگ کے چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل کے مداح نکلے،میچ کرانے کا عندیہ دیدیا

ILT20 چیف ایگزیکٹو کا بڑا اعلان: PSL اور ILT20 چیمپئن ٹیموں کے درمیان خصوصی نمائشی میچ کے امکانات، ڈیوڈ وائٹ کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کے مداح ہیں اور مستقبل میں مزید اسٹارز لیگ کا حصہ بنیں گے

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (ILT20) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپئن ٹیموں کے درمیان خصوصی نمائشی میچ کے انعقاد کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ILT20 کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے دبئی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جہاں غیر متوقع مواقع ہمیشہ جنم لیتے ہیں اور مستقبل میں دونوں لیگز کے فاتحین کے درمیان نمائشی مقابلے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

ڈیوڈ وائٹ نے آئی ایل ٹی 20 انتظامیہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان مضبوط ورکنگ ریلیشن شپ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شمار ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ باصلاحیت کرکٹرز دنیا کے سامنے پیش کیے ہیں اور وہ ذاتی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کے بڑے مداح ہیں۔

چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ انہیں پاکستانی کھلاڑیوں سے خاص لگاؤ ہے اور وہ آئندہ سیزنز میں مزید پاکستانی اسٹارز کو ILT20 کا حصہ بنتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ سیزن میں بھی کئی پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں نظر آ رہے ہیں، جن میں فخر زمان، حسن نواز اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

انہوں نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کا بھی خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ وہ بابر کے کھیل کے بہت بڑے مداح ہیں۔ وائٹ کے مطابق بابر اعظم اس وقت بگ بیش لیگ میں کھیل رہے ہیں اور وہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں

ILT20 کے چوتھے سیزن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ لیگ کی مقبولیت میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے اور شائقین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویورشپ اور عالمی سطح پر پہچان کے اعتبار سے لیگ کی ترقی توقعات سے کہیں زیادہ رہی ہے۔

آخر میں ڈیوڈ وائٹ نے امید کا اظہار کیا کہ مختلف بورڈز اور لیگز کے درمیان مضبوط تعلقات کے باعث کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہے، اور اسی لیے ILT20 اور PSL چیمپئنز کے درمیان ایک بڑے اور ہائی پروفائل مقابلے کا دروازہ مستقبل کے لیے کھلا ہے۔

Scroll to Top