پاک بحریہ کی ہینگر کلاس آبدوز غازی کی چین میں کامیاب لانچنگ

پاک بحریہ کی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ’غازی‘ کو چین کے شہر ووہان میں واقع شوانگ لیو بیس پر کامیابی سے لانچ کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آبدوز کی لانچنگ کے ساتھ ہی پاک بحریہ نے ایک اور اہم دفاعی سنگِ میل عبور کر لیا ہے جہاں چین میں زیر تعمیرتمام چاروں ہنگور کلاس آبدوزیں اب سخت سمندری آزمائشوں (سی ٹرائلز) کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور جلد پاکستان کے حوالے کیے جانے کے آخری مراحل میں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حکومتِ پاکستان اور چین کے درمیان آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت چار آبدوزیں چین میں جبکہ باقی چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جا رہی ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ جدید آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی جو دور فاصلے سے اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں طاقت کے توازن، بحری دفاع، اور امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

آبدوز کی لانچنگ کی تقریب میں پاکستان اور چین کے سینئر حکام نے شرکت کی جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط ہوتے دفاعی تعاون کا واضح مظہر ہے۔

Scroll to Top