سلمان یوسفزئی
وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے اچانک دورے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی انتظامی کارکردگی پر سخت ایکشن لیتے ہوئےناقص کارکردگی پر ہسپتال کے ڈائریکٹر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
سرکاری مراسلے کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معائنے کے دوران مریضوں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور تشویشناک حد تک کمزور پائے گئے۔ خاص طور پر ایمرجنسی اور نوزائیدہ بچوں کے علاج معالجے میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر پیڈز ایمرجنسی کے سربراہ کو معطل کرتے ہوئے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
نوزائیدہ بچوں اور ایمرجنسی میں لائے جانے والے مریضوں کی نگہداشت میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ صحت کے شعبے میں ناقص کارکردگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور عوامی صحت سے غفلت برتنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔





