وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے لیے 29 نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ کابینہ اراکین اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو اجلاس میں شرکت کے لیے باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 3 ارب 82 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری لی جائے گی۔ اس کے علاوہ، ضم شدہ اضلاع کے طلبہ کے لیے میڈیکل کالجز میں مختص کوٹے کی منظوری بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہے، جس سے طلبہ کی تعلیم اور مواقع میں بہتری متوقع ہے۔
مزید برآں اجلاس میں صوبے کے سرکاری اسکولز میں سکولز لیڈرز کو دوبارہ عارضی بنیادوں پر بھرتی کرنے کی منظوری لینے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔ یہ اقدام تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط قائم رکھنے اور انتظامی بہتری کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبے کی انتظامی، تعلیمی اور ترقیاتی پالیسیوں کے حوالے سے کئی اہم فیصلے متوقع ہیں، جن کا اثر خیبرپختونخوا کے عوام اور تعلیمی اداروں پر براہِ راست پڑے گا۔
اس اجلاس کو صوبے کے سیاسی اور انتظامی منظرنامے میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے، اور عوام اور ماہرین کی توجہ بھی اس پر مرکوز ہے کہ کابینہ کون سے اہم اقدامات کا اعلان کرے گی۔





