ہری پور ضمنی الیکشن پر بیان شفیع اللہ جان کو مہنگا پڑ گیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یوٹیوب چینل پر الیکشن کمیشن کے خلاف الزامات لگانے پر معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا شفیع اللہ جان کو وضاحت کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق شفیع اللہ جان نے ہری پور کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے سنگین الزامات عائد کیے۔

دعویٰ کیا گیا کہ فارم 47 اسلام آباد سے جاری کیے گئے جبکہ فارم 45 اپ لوڈ نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن نے ان الزامات کا جائزہ لینے کے بعد نوٹس جاری کیا۔

نوٹس میں الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ شفیع اللہ جان کے الزامات غلط، گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں جن کے حق میں کوئی ٹھوس یا تصدیق شدہ شواہد موجود نہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بغیر شواہد کے ایسے بیانات غیر ضروری ابہام اور الجھاؤ پیدا کرتے ہیں اور اس سے انتخابی عمل پر عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ شفیع اللہ جان کا بیان ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش معلوم ہوتا ہے، نوٹس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 7 روز کے اندر اپنی پوزیشن واضح کریں اور اپنے الزامات کے حق میں مضبوط اور تصدیق شدہ شواہد پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ہری پور ضمنی انتخابات ،الیکشن کمیشن نے فارم 47 کے حوالے سے شفیع جان کے الزامات بے بنیاد قراردے دیئے

نوٹس کے مطابق اگر مقررہ مدت میں شواہد فراہم نہ کیے گئے تو الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچے گا کہ الزامات بنیادی حقائق کے بغیر لگائے گئے جس کے بعد الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔

Scroll to Top