الیکشن کمیشن نے ہری پور ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مخصوص گروہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
جاری پریس ریلیزمیں الیکشن کمیشن نےکہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے ترجمان شفیع جان نے انتخابی عمل کے بارے میں بے بنیاد الزامات عائد کیے کہ فارم 47 ریٹرنگ آفیسر کی بجائے اسلام آباد سے جاری کیا گیا، جسے کمیشن نے یکسر غلط قرار دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 18ہری پور کے ضمنی انتخاب میں فارم 47 ریٹرنگ آفیسر نے تیار کیا اور جاری کیا۔ یہ فارم مورخہ 24 نومبر 2025 کو صبح 3 بج کر 16 منٹ پر کمیشن کو بھیجا گیا اور 3 بج کر 22منٹ پر ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر نے بھی یہی نتیجہ کمیشن کو فراہم کیا۔ کمیشن نے 4 بج کر 28 منٹ پر فارم 47 اپنی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے کالجز اور جامعات میں سردیوں کی تعطیلات کا اعلان
بیان کے مطابق ریٹرنگ آفیسر نے فارم 48 اور فارم 49 بھی 26 نومبر 2025 کو کمیشن کو ارسال کیے۔ واضح رہے کہ فارم 47 ریٹرنگ آفیسر کے دستخط کے ساتھ ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
کمیشن نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں کوئی شکایت ہو تو مناسب فورم الیکشن ٹربیونل ہے نہ کہ بے بنیاد اور گمراہ کن پراپیگنڈا کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق جلد سخت کارروائی کی جائے گی۔
#ECP pic.twitter.com/m7EGHfJMa0
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL)🇵🇰 (@ECP_Pakistan) December 19, 2025





