چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں اور داخلی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور جنگی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا بھی مشاہدہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے جدت اور انوویشن پر زور دیا اور فوجی جوانوں کے لیے فراہم کی گئی کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جوانوں کی جسمانی فٹنس اور بلند مورال کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے سی ایم ایچ لاہور کے ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید اور مکمل طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل اسٹاف کی کاوشوں کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہیں اور ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
قبل ازیں لاہور پہنچنے پر کور کمانڈر لاہور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا اور انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔





