فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری افواج نے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں ہماری مسلح افواج نے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے ہیں اور پاکستان آج عالمی سطح پر ایک باوقار اور قابلِ اعتماد ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دیگر ممالک کے ساتھ تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف جہاں بھی جاتے ہیں، وہاں پاکستان کی مصنوعات اور معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ملائیشیا نے پاکستان کو حلال مارکیٹ میں چاول کے کوٹے میں اضافہ دیا ہے جو عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان آنے والے غیر ملکی وفود سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اگر مختلف ممالک پاکستان کو مدعو کر رہے ہیں تو یہ پاکستان پر اعتماد اور عزت کی علامت ہے۔ غیر ملکی قیادت پاکستان کے ساتھ تجارت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون کی بات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ملنے والا ریڈ کارپٹ اور پروٹوکول پاکستان، وزیراعظم اور ہر پاکستانی کی عزت کی علامت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب بدتمیزی اور انا کی سیاست نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا تھا مشرق بھی ناراض تھا اور مغرب بھی، جس کے باعث پاکستان بین الاقوامی سطح پر آئسولیٹ ہو گیا تھا۔ آج دنیا پاکستان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھا رہی ہے، جو وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور قوم کی عزت کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کے تعلقات بہت مضبوط ہیں، امریکی سفارتکار

انہوں نے کہا کہ آج اوورسیز پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری پر فخر محسوس کر رہے ہیں، پی ایس ایل ٹیموں کی شفاف نیلامی عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد کی عکاس ہے جہاں ٹیمیں 1.75 ارب اور 1.85 ارب روپے میں فروخت ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری ہر سال پاکستان کو آمدن فراہم کرے گی۔

عطا تارڑ کے مطابق پی ایس ایل ٹیمیں خریدنے والے گروپس اوورسیز پاکستانی ہیں، جن میں ایک گروپ آسٹریلیا جبکہ دوسرا امریکا سے تعلق رکھتا ہے۔

Scroll to Top