وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، صوبائی وزیر سعید غنی نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

ائیرپورٹ پر صوبائی وزیر سعید غنی کی جانب سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور کابینہ ارکان کو سندھ کی ثقافت کی علامت سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ کراچی اہم ملاقاتوں اور مصروفیات پر مشتمل ہے، جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین اور خیبر پختونخوا سے پارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان بھی موجود ہیں۔

دورے کے دوران سہیل آفریدی انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور پریس کلب کا بھی دورہ کریں گے۔

پیر کو وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کریں گے جبکہ 11 جنوری کو مزار قائد پر بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کے شیڈول میں ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت، جیل اسیران سے ملاقاتیں، حیدرآباد اور کوٹری میں ریلیاں اور بار ایسوسی ایشنز و تاجر تنظیموں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔

اتوار کو وہ آئی ایل ایف، سینئر وکلاء اور آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن سے ملاقات کریں گے جبکہ کیماڑی اور ضلع غربی میں اسٹریٹ موومنٹ کے علاوہ مزار قائد کی زیارت بھی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سندھ میں میڈیا نمائندگان سے بھی ملاقات کریں گے اور پیر کو سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے بعد پشاور واپس روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کے کراچی دورے سے قبل شیرجیل کا ایسا بیان کہ کھلاڑیوں کے دل جوش و جذبے سے دھڑک اُٹھے

پارٹی ذرائع کے مطابق یہ دورہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ کو مزید تیز کرنے کے لیے اہم ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر عوام نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔

Scroll to Top