خیبر پختونخوا میںسکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، 11 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک

خیبر پختونخوا میںسکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، 11 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک

گیارہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک شمالی وزیرستان اور ضلع کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، اسلحہ و گولہ بارود برآمد، آئی ایس پی آر

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں 8 جنوری 2026 کو شمالی وزیرستان اور ضلع کرم میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ دورانِ آپریشن دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع کرم میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کوششوں سے کی گئی، جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 خوارج مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی بھارتی اسپانسرڈ خارجی کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمت عملی ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار اور قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top