شمالی وزیرستان میں پولیو کیس کی تصدیق،خیبرپختونخوا میں تعداد 20ہوگئی

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کے ایک اور کیس کی تصدیق کر دی ہے۔

این آئی ایچ میں قائم پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے مطابق یہ 2025 کے دوران شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہونے والا پانچواں پولیو کیس ہے۔ اس تصدیق کے بعد ملک بھر میں گذشتہ سال سامنے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے۔

لیبارٹری حکام کا کہنا ہے کہ وائرس شمالی وزیرستان کی یونین کونسل سپین وام-2 سے تعلق رکھنے والی چار ماہ کی ایک بچی میں پایا گیا۔ بچی میں دسمبر کے دوران پولیو کی علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد حاصل کیے گئے نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز کا شیڈول جاری

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کے 20 کیسز خیبر پختونخوا، 9 سندھ جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔

رواں سال جنوبی خیبر پختونخوا پولیو سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا، جہاں ملک کے مجموعی 31 میں سے 17 کیسز رپورٹ ہوئے۔ حکام کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کے باعث جنوبی خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں، بالخصوص شمالی وزیرستان میں، پولیو ٹیموں کی بلا تعطل رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔

صحت حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ گھر گھر پولیو مہم کے دوران ہر بچے کو ویکسین پلانا اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرنا نہایت اہم ہے۔

پاکستان پولیو کے خاتمے کا پروگرام جنوبی خیبر پختونخوا میں خصوصی حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہا ہے، جس میں مقامی بااثر شخصیات کی شمولیت، غذائیت کی بہتری، معمول کی ویکسینیشن اور دیگر بنیادی صحت سہولیات کو یکجا کرنا شامل ہے تاکہ بچوں کی قوتِ مدافعت کو مضبوط بنایا جا سکے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ 2024 کے مقابلے میں 2025 کے دوران پولیو وائرس کی مثبت نشاندہی میں مجموعی طور پر کمی دیکھنے میں آئی ہے جو موثر ویکسینیشن مہمات کا واضح ثبوت ہے۔

Scroll to Top