خون جما دینے والی سردی نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، شدید دھند سے معمولاتِ زندگی متاثر کردی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں خون جما دینے والی سردی کی لہر برقرار ہے، جہاں موجودہ درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر میں شدید سردی کے ساتھ ساتھ گہری دھند چھائی ہوئی ہے، جس کے باعث حد نگاہ شدید متاثر ہو رہی ہے۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور سردی کی شدت بدستور برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر میں اس وقت 2 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ڈیرہ مراد جمالی، سبی اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں دھند چھانے کا امکان ہے۔ اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا، تاہم مری اور گلیات میں شدید سردی کا راج رہے گا۔ سیالکوٹ، نارووال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان سمیت دیگر اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً صبح اور رات کے اوقات میں محتاط رہیں، جبکہ ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کے استعمال اور رفتار کم رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔





