الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی، کون کون شامل؟

الیکشن کمیشن پاکستان نے سال 2024-2025 کے مالی گوشوارے جمع نہ کرنے پر ارکان سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کر دی ہے، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق معطل ہونے والے ارکان میں 9 سینیٹرز، 32 قومی اسمبلی ارکان اور 50 پنجاب اسمبلی ارکان شامل ہیں، سندھ اسمبلی کے 33 ارکان کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے۔

رکنیت معطل ہونے والوں میں سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، صوبائی وزیر جام خان، شورو مکیش کمار چاول، سید غنی، ایم کیو ایم کے ارکان عادل عسکری اور اعجاز الحق شامل ہیں۔

سینیٹ کے ارکان میں جام سیف اللہ داریجو اور کاظم علی شاہ کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق یہ اقدام ارکان کی مالی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے اور معطل ہونے والے ارکان اب اپنے گوشوارے جمع کروائے بغیر اپنی رکنیت بحال نہیں کرا سکتے۔

واضح رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام اراکین کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے لازمی طور پر جمع کرائیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ یہ آخری موقع ہے اور گوشوارے جمع نہ کرانے پر 16 جنوری سے متعلقہ اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 446 ارکان نے مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے، الیکشن کمیشن کی وارننگ جاری

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات جمع کرانا ایک آئینی اور قانونی تقاضا ہے، جس کا مقصد عوامی نمائندوں کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

Scroll to Top