اکبر ایس بابر کا محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری چیلنج کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے محمود خان اچکزئی کی اپوزیشن لیڈر تعیناتی وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔

اکبر ایس بابر نے اعلان کیا ہے کہ وہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے محمود خان اچکزئی کو لیڈر آف دی اپوزیشن تعینات کرنے کے نوٹیفکیشن کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کریں گے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے اور ایسے اقدامات ملک میں جاری انتشار کو مزید تقویت دیتے ہیں، پاکستان مزید ایسے فیصلے برداشت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین اور قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ ایک سزا یافتہ شخص جیل سے ملک کی سیاست کے اہم ترین فیصلے کرے۔

اکبر ایس بابر نے اس اقدام کو حکمران جماعت کی مک مکا سیاست کی زندہ مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے کھیل میں اب تیسرا کھلاڑی بھی شامل ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا گیا

انہوں نے جمہوریت کی اس صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے علمبردار اپنی جماعتوں میں بھی جمہوریت برداشت نہیں کرتے اور بعض اوقات پارلیمنٹ کی کارروائی میں بھی حصہ نہیں لیتے۔

اکبرایس بابر نے مزید کہا کہ یہ ایسی انوکھی جمہوریت ہے جہاں حکمران خوشحال اور عوام بدحال ہیں، اور ملک میں مفاد پرست سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

Scroll to Top