کوہاٹ،سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی ،دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

کوہاٹ میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئےدہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد سیل سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات برآمد کر لیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کوہاٹ کے نواحی علاقے میں واقع ایک فارم ہاؤس پر کی گئی، جہاں دہشت گرد خفیہ طور پر سرگرم تھے۔

چھاپے کے دوران دو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، بارودی مواد اور آئی ای ڈی بنانے کے آلات، پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹرز اور دو دستی بم برآمد کیے گئے۔

کارروائی میں ایک اسنائپر رائفل، دس میگزین، سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں، طبی کٹس، مواصلاتی آلات، سم کارڈز، تین لیپ ٹاپ، تین موبائل فونز اور اہم دستاویزات بھی قبضے میں لی گئیں۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ اور مواد کسی بڑی دہشت گرد کارروائی کے لیے استعمال کیا جانا تھا، تاہم بروقت کارروائی سے ایک بڑے جانی و مالی نقصان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

سیکیورٹی اداروں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Scroll to Top