قلات میں خون جما دینے والی سردی سے ہر چیز جم گئی، چھتوں سے ٹھپکنے والا پانی جم گیا، درجہ حرارت منفی 12 تک گر گیا۔
قلات میں حالیہ برفباری کے بعد سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث شہر اور گردونواح میں خون جما دینے والی سردی پڑ رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ گزشتہ روز ہونے والی برفباری ایک فٹ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
شدید سردی کے باعث چھتوں سے ٹپکنے والا پانی بھی جم گیا ہے اور ہر شے قلفی کی صورت اختیار کر چکی ہے، سخت موسمی صورتحال کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں، سڑکیں سنسان پڑی ہیں اور شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
دوسری جانب قلعہ عبداللہ میں بھی برفباری کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، شدید سرد موسم کے باعث لکڑی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
شہریوں نے سردی سے بچاؤ کے لیے انگیٹھی اور دیگر ذرائع کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ عوام سرد موسم میں خود کو گرم رکھنے کے لیے مختلف طریقے اپنا رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک سردی کی یہ شدید لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





