شدید برف باری اور سرد موسم کے دوران پاک فوج کی کالام، مہمند اور وادی تیراہ میں پھنسے شہریوں اور سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے شب و روز امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کے جوان گزشتہ شب سے وادی تیراہ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں عارضی انخلاء کرنے والوں کی فوری امداد میں مصروف ہیں، برف میں پھنسے افراد اور گاڑیوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
کالام میں برف باری کے دوران پاک فوج اور مقامی انتظامیہ نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا اور مٹلتان بازار کو دوبارہ کھول دیا، سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے بھاری مشینری بھی استعمال کی جا رہی ہے۔
وادی تیراہ میں متاثرہ افراد کو خوراک، گرم رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کی خصوصی دیکھ بھال کے لیے الگ انتظامات کیے گئے ہیں۔
پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں علاقے میں فوری بحران کی تشخیص اور ہنگامی صورتحال کے حل کے لیے موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چترال، دیر اور چلاس میں شدید برفباری، رابطہ سڑکیں بند، بجلی کا نظام متاثر
علاقہ مکینوں اور سیاحوں نے پاک فوج کے شاندار ریسکیو آپریشن کو سراہا اور دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کیا۔





