افغانستان میں شدید طوفان، بارش اور برفباری کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ حادثات مختلف صوبوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودوں کے باعث پیش آئے۔
قندھار میں بھاری بارش اور تیز ہواؤں نے چھ بچوں کی جان لے لی اور گھروں کو نقصان پہنچایا۔
پروان میں ایک برفانی تودے کے گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ مشرقی صوبے نورستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک گھر کو نقصان پہنچا اور ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
اس طرح ملک کے دیگر صوبوں میں بارش اور برفباری کے نتیجے میں 4افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں میں غزنی میں تقریباً 80 سینٹی میٹر برف گری، جس کی وجہ سے بازار بند اور سڑکیں بلاک ہو گئی ہیں۔
کابل اور دیگر کئی صوبوں میں شدید برفباری کی وجہ سے ٹریفک حادثات بھی رپورٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے دور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی کمزوری کے سبب فلڈ، لینڈ سلائیڈ اور طوفان اکثر مہلک ثابت ہوتے ہیں اور مقامی لوگ شدید موسمی حالات کے سامنے غیر محفوظ رہتی ہیں۔
حکام نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔





