پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ میں اتوار کی رات سے منگل کے روز تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر موسمی انتباہ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے 25 سے 27 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کی نشاندہی کی ہے جو صوبے کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع جن میں چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ کوہستان اور دیگر بالائی علاقے شامل ہیں، وہاں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر بھاری برفباری بھی ہو سکتی ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب صوبے کے نچلے اور میدانی علاقوں ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے نتیجے میں بالائی علاقوں ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارش اور برفباری کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے جس کے پیش نظر حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
سیاحوں کو بالائی اور برفباری والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں جبکہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں





