سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی

پشاور: سوئی سدرن گیس کمپنی نے موسمِ سرما میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کے لیے 24 جنوری سے 48 گھنٹوں کے لیے گیس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان سوئی سدرن کے مطابق گیس بندش کا فیصلہ گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے تحت صنعتوں، کیپٹو پاور پلانٹس اور سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے کی صبح 8 بجے سے پیر کی صبح 8 بجے تک گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے پہلے ہی رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رکھی جا رہی ہے تاکہ دن کے اوقات میں صارفین کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔

واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی اس سے قبل بھی شدید سردی اور گیس کی طلب میں اضافے کے باعث گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سی این جی اسٹیشنز اور صنعتی شعبے کو عارضی طور پر گیس کی فراہمی بند کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نئے گیس کنکشن کے خواہشمند افراد کےلیے اہم خبر

دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی کو ایک ساتھ بڑی تعداد میں نئے گیس کنکشنز کی درخواستیں موصول ہونے کے باعث انتظامی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کمپنی حکام کے مطابق گیس کنکشنز کی فراہمی کھلتے ہی صارفین کی جانب سے غیر معمولی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی گئیں جس سے ادارے پر کام کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی کو فاسٹ ٹریک کیٹیگری کے تحت تقریباً چار لاکھ نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے اب تک قریباً 29 ہزار صارفین کو گیس کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ نارمل میرٹ کیٹیگری کے تحت مزید تین لاکھ کے قریب درخواستیں بھی جمع کرائی گئی ہیں،جن پر مرحلہ وار کارروائی جاری ہے۔

Scroll to Top