ڈی آئی خان: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ڈی آئی خان میں ہونے والے بم دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سکیورٹی اداروں کو واقعہ کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے شہداء کے لواحقین کے غم میں اپنی صوبائی حکومت کی بھرپور ہمدردی اور مکمل معاونت کا یقین دلایا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
یہ دھماکہ شہر میں خوف و ہراس پھیلانے کے مترادف تھا اور علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعہ کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان،شادی کی تقریب میں افسوسناک واقعہ
یاد رہے گزشتہ دن ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب میں خودکش حملے میں 5 افراد جاں بحق اور 7 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے خودکش دھماکے کی تصدیق کی اور بتایا کہ دھماکے بعد فائرنگ بھی ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ قریشی موڑ کے قریب ٹھیکیدار یونین کے صدر نورحسن محسود کے گھر پر شادی کی تقریب کے دوران ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔





