عوام کی آواز نے فیصلہ بدل دیا! خیبر پختونخوا حکومت نے منرل ڈیولپمنٹ کمپنی پر عملدرآمد روک دیا

عوام کی آواز نے فیصلہ بدل دیا! خیبر پختونخوا حکومت نے منرل ڈیولپمنٹ کمپنی پر عملدرآمد روک دیا

خیبرپختونخوا حکومت نے عوامی تنقید اور عوامی شکوک و شبہات کے پیش نظر منرل ڈیولپمنٹ کمپنی پر عملدرآمد عارضی طور پر روک دیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پی سہیل آفرِدی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام کے ذریعے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت انرجی اور تیل و گیس کے شعبے میں اپنی کمپنی بنا چکی ہے، اسی طرح معدنیات کے شعبے کے لیے بھی ایک کمپنی بنائی جا رہی تھی تاکہ صوبے کے عوام اپنے قیمتی وسائل سے فائدہ اٹھا سکیں اور غیرقانونی مائننگ اور منافع خور مافیاز کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کابینہ میں پیش ہونے والا بل دراصل “خیبرپختونخوا منرل ڈویلپمنٹ کمپنی” بنانے کے لیے تھا، نہ کہ “مائنز اینڈ منرل بل 2025″۔ تاہم عوام میں مائنز اور معدنی وسائل سے متعلق کئی چیزوں پر ابہام اور شکوک پیدا ہونے کی وجہ سے، حکومت نے قانون سازی اور کمپنی کے قیام کے عمل کو فی الحال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے عوام کے اعتماد کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا:”عوام کی رائے اور اعتماد کے بغیر کوئی بھی فیصلہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ اسی لیے ہم منرل ڈیولپمنٹ کمپنی کے عملدرآمد کو فی الحال مؤخر کر رہے ہیں۔”

واضح رہے کہ قبل ازیں خیبرپختونخوا کابینہ نے منرل ڈویلپمنٹ کمپنی بل کی منظوری دی تھی، جس کا مقصد صوبے کے معدنی وسائل کی حفاظت اور شفاف استعمال کو یقینی بنانا تھا۔

Scroll to Top